لاہور: محکمہ تعلیم نے سرکاری کیمپس کے انعقاد سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سرکاری کیمپس صرف پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے 10 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق کسی بھی بچے کو والدین یا سرپرست کی باقاعدہ رضامندی کے بغیر سرکاری کیمپس میں نہیں بلایا جا سکتا۔ محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت، سہولت اور والدین کے اعتماد کو یقینی بنائیں۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ کیمپس کے دوران طلبہ کی حاضری، سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق چلایا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیمپس سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کریں۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ اوقات یا دیگر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ تعلیم نے تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کے بہترین مفاد کا تحفظ کیا جا سکے۔

Post a Comment