سات جون کو جیالا وزیراعلیٰ منتخب ہوگا، عوام تیر پر مہر لگائیں: چلاس جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کا خطاب


 سات جون کو جیالا وزیراعلیٰ منتخب ہوگا، عوام تیر پر مہر لگائیں: چلاس جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کا خطاب


چلاس: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سات جون کو عوامی طاقت کے ذریعے جیالا وزیراعلیٰ منتخب ہوگا اور پیپلز پارٹی حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کرے گی۔


بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ گزشتہ انتخابات کے دوران بھی چلاس آئے تھے اور اس وقت پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے، تاہم بدقسمتی سے پارٹی سے نو نشستیں چھین لی گئی تھیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مرتبہ عوام تیر کے نشان پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کو واضح کامیابی دلائیں گے۔


چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ چلاس اور پیپلز پارٹی کا رشتہ تین نسلوں پر محیط ہے اور عوام نے ہمیشہ پارٹی پر اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات جون کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت بن رہی ہے اور وہ عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔


بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو آمروں کا مقابلہ کیا اور جمہوریت کی خاطر تاریخی جدوجہد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو غریب عوام کی آواز تھیں اور سازشی عناصر نے انہیں شہید کرا دیا۔


اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے دیامر بھاشا ڈیم کی فوری تکمیل کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو مخاطب کیا اور کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم قومی اہمیت کا منصوبہ ہے جسے جلد مکمل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ دیامر کے عوام کو بھی "شہباز سپیڈ" دکھائیں اور اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔


انہوں نے کہا کہ اگر سابق صدر آصف علی زرداری کی حکومت کو سازش کے تحت ختم نہ کیا جاتا تو دیامر بھاشا ڈیم آج مکمل ہو چکا ہوتا۔ بلاول بھٹو زرداری نے 18ویں آئینی ترمیم کو بھی پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی ترمیم نے صوبوں کو بااختیار بنایا اور ترقیاتی منصوبوں کی راہ ہموار کی۔


چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے بعد ہی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت دیگر منصوبوں کا آغاز ہونا چاہیے۔ انہوں نے ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو بھی پیپلز پارٹی کی اہم کامیابیوں میں شمار کیا۔


بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں سابق فوجی حکومتوں اور ملکی سیاسی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی خودمختاری اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فوجی اڈوں کی بندش اور قومی مفادات کے تحفظ میں بھی پیپلز پارٹی نے اہم کردار ادا کیا۔


انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ملک کو ایٹمی قوت بنانے کے لیے قربانیاں دیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان کو ایسی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے جو عالمی سطح پر قومی مفادات کا بھرپور دفاع کر سکے۔


جلسے کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سات جون کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں تاکہ عوامی خدمت اور ترقی کا سفر آگے بڑھایا جا سکے۔

0/Post a Comment/Comments