پنجاب میں کاروباری اوقات تبدیل، عوام اور تاجروں میں تشویش


 پنجاب حکومت نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد توانائی کی بچت، غیر ضروری اخراجات میں کمی اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کیے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بجلی کے استعمال میں نمایاں کمی آئے گی اور توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ تمام شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق رات گئے تک کاروبار جاری رہنے سے بجلی اور دیگر وسائل کا بے تحاشا استعمال ہوتا ہے، جسے کم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا۔

کفایت شعاری پالیسی کے تحت سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں بھی 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں اخراجات کم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں۔

پنجاب حکومت کے اس فیصلے پر عوام اور تاجروں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ افراد نے اسے ملکی معیشت اور توانائی بچت کے لیے ضروری قرار دیا، جبکہ بعض تاجروں نے کاروباری اوقات کم ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر ان فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا تو توانائی بچت کے ساتھ ساتھ سرکاری اخراجات میں بھی نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔

0/Post a Comment/Comments