**گجرات / منگووال (بیورو چیف واجد عزیز بٹ)** — 10 محرم الحرام کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی قبرستان میں آنے والے زائرین کے لیے لنگر اور میٹھے پانی کی سبیل کا باقاعدہ آغاز اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ کے بابرکت نام سے کیا گیا۔
تقریب کا آغاز معروف قاری **حامد رضا صاحب** کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ **قاری یونس مبین صاحب** نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی صورت میں پیش کیے۔ اس موقع پر علاقے کے جید علمائے کرام نے بھی خصوصی شرکت کی اور محرم الحرام کی فضیلت، واقعۂ کربلا کے پیغام اور خدمتِ خلق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
بعد ازاں زائرین میں لنگر تقسیم کیا گیا جبکہ میٹھے ٹھنڈے پانی کی سبیل سے ہزاروں افراد کی تواضع کی گئی۔ قبرستان کمیٹی کی جانب سے قبروں پر ڈالنے کے لیے مٹی کا بھی انتظام کیا گیا، جو گزشتہ تقریباً دس سال سے مسلسل جاری ہے تاکہ آنے والے افراد اپنے پیاروں کی قبروں پر مٹی ڈال سکیں
اس اجتماعی خدمت میں حاجی نوید اقبال بٹ، عنصر محمود بٹ، عمران امین بٹ، ڈاکٹر شاہد عزیز بٹ، خواجہ طارق ڈار صاحب، ان کے دوست احباب، اوورسیز پاکستانیوں اور منگووال کے مقامی افراد نے بھرپور تعاون کیا۔ اہلِ علاقہ نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے منتظمین کے جذبۂ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
**تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام، اتحادِ امت، شہدائے کربلا کے بلند درجات، مرحومین کی مغفرت اور امتِ مسلمہ کی خوشحالی کے لیے اجتماعی دعائے خیر کرائی گئی، جس میں تمام شرکاء نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ آمین کہی۔**

Post a Comment