منگووال غربی میں ذکرِ شہدائے کربلا کی عظیم الشان محفل، پیر سید رضی الحسن شاہ کا خصوصی خطاب
منگوال عربی ضلع گجرات (بیورو چیف واجد عزیز بٹ) کی رپورٹ کے مطابق
10 محرم الحرام کے موقع پر جامعۃ الخیر اسلامک اکیڈمی کے زیرِ اہتمام جامع مسجد رضائے مصطفیٰؐ، منگووال غربی، ضلع گجرات میں ذکرِ شہدائے کربلا کی عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز قاری محمد عمر فاروق جلالی صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ معروف نعت خواں قاری محمد افضل نقشبندی صاحب نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
محفل سے ملک کے معروف مذہبی اسکالر مفتی پیر سید رضی الحسن شاہ صاحب نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے واقعۂ کربلا کی عظمت، حضرت امام حسینؓ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ کی بے مثال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے حق، صداقت، صبر اور استقامت کا عظیم درس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے جو لازوال قربانی پیش کی، وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
محفل کی نگرانی حضرت مولانا جمشید احمد قادری صاحب نے کی۔ اس موقع پر شہدائے کربلا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور امتِ مسلمہ، پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
منتظمین کی جانب سے شرکائے محفل کے لیے لنگر شریف اور دودھ کی سبیل کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ تقریب میں مقامی علمائے کرام، معززینِ علاقہ اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
آخر میں اجتماعی دعا کے ساتھ محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔





Post a Comment