گلی عاشق علی چوہان میں گندے پانی اور ناقص نکاسی آب سے شہری پریشان، بارش میں گزرنا محال
گجرانوالہ (نمائندہ خصوصی محمد بلال) — عالم چوک کے قریب گلی عاشق علی چوہان، ورنہ الا کھوہ، لدھے والا وڑائچ کے رہائشی گندے پانی، بند نالیوں اور ناقص نکاسی آب کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق گلی کی نالیوں میں مسلسل گندا پانی جمع رہتا ہے جبکہ نکاسی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور پوری گلی تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہے۔ پانی اس قدر کھڑا ہو جاتا ہے کہ پیدل چلنا دشوار ہو جاتا ہے جبکہ نمازی حضرات کو مسجد آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بزرگ افراد، خواتین اور بچوں کے لیے گزرنا خطرناک بن چکا ہے
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات دی گئیں لیکن تاحال مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ گلی کے دونوں اطراف نالیوں میں کچرا جمع ہونے سے پانی کی روانی متاثر ہو رہی ہے جس کے باعث بدبو اور بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر گجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر گجرانوالہ اور میونسپل کارپوریشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلی کی نالیوں کی صفائی، نکاسی آب کی بہتری اور بارشی پانی کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ اہل علاقہ کو اس دیرینہ مسئلے سے نجات مل سکے۔اہل محلہ کا کہنا ہے کہ “ہم صرف صاف ماحول اور محفوظ راستہ چاہتے ہیں، تاکہ بچے، بزرگ اور نمازی بغیر دشواری کے گلی سے گزر سکیں۔”

Post a Comment