پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملک بھر میں ملی جوش و جذبے اور قومی ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر آج دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ شہریوں نے نمازِ فجر میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
یومِ آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ تقریب میں قومی پرچم بلند کیا گیا اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
دوسری جانب کراچی میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے دوران پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ اور پریڈ کا مظاہرہ کیا، جبکہ مزارِ قائد پر حاضری دے کر بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔
ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی پرچم لہرا کر پاکستان سے اپنی محبت اور والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔

Post a Comment